اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ ناروے کی نوبل ایوارڈ کمیٹی نے اس سال کے نوبل امن ایوارڈ کے لیے ایٹمی اسلحہ کے خلاف بین الاقوامی مہم چلانے والی این جی او’’ایکان‘‘ کو منتخب کیاہے۔
اس سے قبل کہاجارہا تھا کہ ایران کے جوہری معاہدے کے اہم کرداروں کے نام نوبل امن انعام کے لیے زیرغور فہرست میں سب سے اہم ہیں۔
ان کرداروں میں امریکا کے سابق وزیرخارجہ جان کیری، ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف اور یورپی یونین کی خارجہ امور کی اعلیٰ سفارتکار فدریکا موغرینی شامل تھیں۔
گزشتہ روز نوبل کمیٹی کی خاتون چیئرپرسن بریت رائیس اندرسن نے نوبل پیس سنٹر اوسلو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا ہے کہ یہ ایوارڈ ایکان تنظیم کو ملے گا جو انسداد جوہری اسلحہ کے لیے عالمی سطح پرجدوجہد کررہی ہے۔نوبل کمیٹی نے تجزیوں کے بالکل برعکس فیصلہ دے کر دنیا کو حیران کردیا ہے۔
ایکان یعنی ایٹمی اسلحہ کے خاتمے کے لیے چلائی جانے والی بین الاقوامی مہم کی ویب سائٹ کے مطابق، یہ ایک سو ملکوں کی مختلف این جی اوز کا ایک اتحاد ہے جو ایٹمی اسلحہ کے انسداد کے لیے کام کرتاہے۔ اس اتحاد کا صدر دفتر سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت جنیوا میں ہے۔
نوبل امن کمیٹی کی چیئرپرسن نے اپنی پریس کانفرنس میں ایک بیان پڑھ کرسنایا، اس بیان میں کہاگیاہے کہ یہ تنظیم ایٹمی اسلحہ کے انسداد خصوصاً ایٹمی اسلحہ پر پابندی کے ایک معاہدے کے حصول کے لیے کام کررہی ہے تاکہ انسانی بنیادوں پر دنیا کو تباہی سے بچایاجاسکے۔
.....
/169